منگل، 9 جنوری، 2018

اُداس نسلوں کے سہانے سپنے

محمد علم اللہ جامعہ ملیہ، دہلی

”آدمی سکون کی تلاش میں کتنی ہی دُور کیوں نہ چلا جائے، آخر کار لوٹ کر اپنے احباب کی طرف ہی آتا ہے۔ اپنے پرانے دنوں کے بارے میں سوچ کر اور اپنے اس بچپن کی زندگی کو یاد کر کے زرا خوش ہو لیتا ہے لیکن پھر وہی شام، وہی رات اور وہی تنہائی ہوتی ہے۔ مجھے یہاں آنے سے پہلے معلوم تھا کہ پردیس میں لوگوں کا کیا احوال ہوتا ہے۔ اس وجہ سے جب یہاں سے کوئی گھر جاتا تو میں اس سے کچھ پوچھوں، یا نہ پوچھوں یہ ضرور پوچھتا ہوں، کہ وہاں کیسا لگتا ہے! یہ میں اس سے صرف اس کی دلی کیفیات معلوم کرنے کے لیے پوچھتا تھا اور نتیجہ صد فی صد یہی نکلتا تھا کہ وطن سے باہر سب کچھ ہے لیکن سکون نہیں ہے۔ آج میں خود اس بے سکونی کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں۔ ہاں اگر سکون پیسے کو کہتے ہیں تو یقینا سکون یہاں حاصل ہے لیکن میں اس کا ہمیشہ سے ناقد رہا ہوں۔ میں یہ نہیں کہتا کہ پیسے کے بغیر آدمی خوش رہتا ہے؛ زندگی کی آسایشوں کے لیے پیسا ایک ضروری شئے ہے، لیکن سب کچھ اس پیسے کو سمجھ لینا، یہ کہاں کی عقل مندی ہے؟ یار! حقیقت میں آرام کس کو کہتے ہیں یہ وہی بتاسکتا ہے، جو رات کی تنہائی میں آرام سے مٹی کے بنے مکان کے چھپر کے نیچے کھٹیے پر لیٹا ہو، اور بارش کی بوندیں کانوں میں رس گھول رہی ہوں۔ حقیت میں سکون وہی ہے اور زندگی کا اصل مزا اس میں ہے کہ ماں باپ، بھائی بہن اور دوست احباب سب آنکھوں کے سامنے ہوں“۔


یہ میرے ایک دوست عارف حبیب کے خیالات ہیں جسے انھوں نے دبئی جانے کے بعد مجھے ایک میل کے ذریعہ بھیجا ہے۔


اپنے دوست کی یہ تحریر پڑھ کے میں اپنے آنسووں کو ضبط نہیں کرسکا اور سچ پوچھیے تو اس وقت میرے کانوں میں میرے ایک قریبی عزیز کا یہ فقرہ گردش کرنے لگا؛ انھوں نے مجھے چھٹی میں مصروفیت کا بہانہ کرکے اپنے گاوں نہ جانے کی مجبوری ظاہر کرنے پر، ہنستے ہوئے یہ کہا تھا، ”میاں! بڑے بڑے طرم خاں گاؤں ہی میں پیدا ہوئے ہیں، بہت اونچے تک اڑے، آخر کار گاوں ہی میں آ کے پناہ لینا پڑی“۔ بزرگ عزیز کا کہا اپنی جگہ بالکل درست تھا؛ صحیح معنوں میں اگر دیکھا جائے تو آج بھی بہت سے لکھنے والے دہلی، ممبئی میں بھلے رہتے ہوں، اگر ان کے قلم میں گاؤں کا رنگ نہ ہو تو تحریر پھیکی سی لگتی ہے۔


کئی مرتبہ دل بہلانے کے لیے بہت سے کام مجبوری میں کرنا پڑتے ہیں۔ افسوس کہ جو ہماری ذمہ داری کا حصہ ہے، وہی اداکاری کے مندرجات بنتی جا رہی ہے۔ کئی والدین بے چارے اپنے بچوں کی اداکاری سے اپنا جی بہلا کر زندہ رہتے ہیں۔ بوڑھے لوگ شہر میں جا بسے، اس جواں نسل کی واپسی کے لیے اپنے باپ دادا کی جائیداد کے حقوق کا کیا لالچ دیں گے یا طمع پیدا کریں گے؛ یہ نسل تو پہلے ہی سے لاکھوں کے پیکیج میں الجھ گئی ہے؛ جب ان کے والدین پڑھائی لکھائی کے وقت پیسے دے کر، انھیں لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشن تک رخصت کرنے جایا کرتے تھے، تو وہ ان کی ہر تکلیف، ہر درد کا خیال رکھتے تھے لیکن وہ سب بھول گئے۔


سینما اور کتابوں میں گاؤں کی ساکھ بھلے ہی گھٹتی بڑھتی رہی ہو، لیکن شہری زندگی جینے والے نوجوانوں کے دل میں گاؤں اور وہاں کی یاد ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔ وہ چاہے شہر میں ٹھہرے ہوں یا گاؤں ہی میں‌ جمے ہوئے ہوں۔ یہ تو وقت کی کروٹ اور گردش ہے جو ہم عمر نوجوانوں کے ان زندہ نقوش کو مٹانے میں لگی ہے۔ ناچاروں کو مصروفیت ہی اتنا گھیرے رکھتی ہے کہ انھیں ماں باپ سے ملنے تک کی فرصت نہیں۔

 

ہمارے کئی ساتھی تو ان لہروں کی اٹھان کو ایک نظر دیکھنا تک گوارا نہیں کرتے۔ چھٹیاں گزارنے گاؤں آئے ایک نوجوان کی کہانی، اکثر گاؤں میں رہنے والے دوجے نوجوان کی کہانی سے میل کھاتی ہے۔ دیہہ میں پلے بڑھے اور اب شہر میں جا ٹھہرے صاحب زادوں کو کون سمجھائے کہ جائے پیدائش کیا ہوتی ہے، جسے ہم بھول کر بہت آگے چلے گئے ہیں۔ کس میں وہ قوت ہے، جو ان راہ بھٹکے دوستوں کو راستہ دکھائے۔


کاش یہ جوان آنکھیں سمجھ پاتیں کہ کیوں گاؤں سے شہر کو واپسی پر ماں باپ روہانسو ہوجاتے ہیں۔ کیوں آخری قدم تک چلتے کچھ باتیں یاد دلاتے رہتے ہیں۔ گاڑی اسٹارٹ کر کے آگے بڑھنے کے واسطے ایکسیلیٹر پر دایاں پاوں رکھے کلچ سے دوسرا پاوں اٹھانے کو بے تاب ہوتے ہیں۔ فراٹے بھرتے ہوئے آخر یہ نئی پود آگے بڑھ جاتی ہے۔ اس سفر میں پھر سے ایک بار نہ صرف گاؤں پیچھے چھوٹتا ہے بلکہ احوال زیست، زندہ ماں باپ، رشتے ناتے، دوست احباب سب پیچھے چھوٹ جاتے ہیں۔ بوڑھے والدین اپنا سارا وقت، جمع پونجی ان ناچیزوں پر خرچ کرتے ہیں، جنھیں آگے دیکھنا ہوتا ہے۔ نئی نسل بے مطلب کی چیزوں میں الجھ جاتی ہے، اور رشتوں ناتوں تک کی اہمیت سمجھتی ہے نہ اس کا تعاقب مقصود ہوتا ہے۔


عجیب زندگی ہے؛ کبھی کبھی اپنے آپ پر بہت ترس آتا ہے۔ ایک وقت آتا ہے کہ خود کو کٹہرے میں کھڑا پاتے ہیں۔ خود کو سزا دینے کا سوچتے ہیں، کہ جھٹ سے اس شہر کا کوئی ضروری کام یاد آ جاتا ہے، جس سے دل لگایا تھا۔ نت نئی سیمیناریں آوازہ لگاتی ہیں؛ پریس کانفرنسیں پکارتی ہیں، یا دوستوں کے ساتھ شامیں بتانے کو من للچاتا ہے۔ ان شاموں میں ہم چائے پینے کے علاو کوئی مثبت کام شاید ہی کر پاتے ہوں۔


اپنے ضروری کاموں کی فہرست میں سے وقت نکال کر گاؤں فون کرنا یا کہ پھر گاؤں کو اپنے خیالات کے مرکز میں لانا، کبھی کبھار ہی شامل کر پاتے ہیں۔ اس دوڑ میں ہم بھول جاتے ہیں کہ بوڑھا باپ گہیوں پسانے کے لیے چکی آتا جاتا ہوگا تو کیسے! کیسے چار دن تک نل کے پانی نہ آنے پر پانی کی خاطر دور تک پیدل جاتا ہوگا۔ مہینا ختم ہوتے ہی اگر تنخواہ وقت پرنہ ملی تب بھی دوسروں سے قرض لے کر ہمارے اکاونٹ میں روپے ڈالنے کے لیے رم جھم میں، یا تپتی دھوپ اور ہجوم کی دھکا مکی، سب سہتے ہوئے لمبی قطار میں کھڑا اپنی باری آنے کا انتظار کرتا ہوگا، کہ اولاد کے بنک اکاونٹ میں روپے جمع کرواکے اپنی محبت کی رسید لے۔


گھر میں گیس سلینڈر ختم ہو جانے پر، ماں لکڑی کے چولھے میں دھواں اور آنکھوں سے آنسو جاری ہونے کے باوجود کھانا بناتی ہوگی۔ لگتا تو یہ ہے کہ ان کے پاس گاوں میں کوئی خاص مصروفیت نہیں ہوتی ہوگی۔ ادھر شہر میں کتنے مصروف ہیں، پاس خرچ کرنے کو اتنا وقت بھی تو نہیں کہ لمحے بھر کو اپنی جائے پیدایش کو یاد کرسکیں۔ باپ کے جھکے کندھوں کا خیال آئے، گندگی میں لت پت رہنے پر بھی بچے کو گلے لگا لینے والی اس ماں سے ٹھیک سے بات کرسکیں۔ جب تک ماں ہے، تب تک تو اس کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، بعد میں؟ حیف! پہ یہ سانچی بات ہے کہ بعد کی زندگی میں چاہے کتنا بھی سرپیٹ لو، ماتم کے سوا ہاتھ کچھ نہیں آتا۔ خاقان خاور کی زبان میں:

جس دن مائیں مر جاتی ہیں

آنکھیں ریت سے بھر جاتی ہیں


یہ ماضی کی بحث کی جگالی نہیں بلکہ ماضی کے احساس کے خیال کا حصہ ہے۔ باپ کی آنکھوں کے سامنے، اپنے کیریئر کو بڑھاوا دیتے بچے، جانے کب باپ کی آنکھوں سے اوجھل ہو جاتے ہیں۔ اس کے پیچھے کی اصل وجوہ اور بعد کے نتائج جیسے موضوع آج کی تحقیقی مرکز ہوچلے ہیں۔ اس پورے کھیل میں والدین کو فریب دینا سیکھ چکی، نوجوان نسل خود دل ہی دل میں سب جانتی ہے، کہ آگے کا کیا منظر ہے۔ تمام ہتھکنڈوں کے ساتھ وہ شہر میں اپنے جیون کے پل بتاتے ہوئے اکیلے پڑجانے کے خطرے کی طرف بڑھے جا رہے ہوتے ہیں۔ اس پورے دور میں پتا نہیں چلتا، کب اپنے سے بڑوں کو الگ تھلگ کر ڈالتے ہیں۔ ادھر ماں باپ یہ سوچ کر ہی حیران ہوتے ہیں کہ آج ان جوان بچوں کی اپنی ترجیحات کی فہرست میں بہت سی ضروری چیزیں غائب ہوتی جارہی ہیں، مثلا مذہب، اخلاقیات، سچائی، محبت، پیار، خدمت، عزت ایسی تمام پرتیں جلد سے چرم روگ کے اثرات کی طرح ساتھ چھوڑتی جارہی ہیں۔ اصل میں یہ انفیکشن کا دور ہے جس کے اثرات سے ہر رشتہ متاثر ہو چکا ہے۔


آج کی نسل جو نباتات سے بنے گھی پر زندہ ہے۔ جہاں ملاوٹ اور بازاری مصنوعات کی افراط ہے، نظریات کے نام پرآلودگی میں لپٹا علم گنگا سے لبریز ہے۔ بڑا ہی تکلیف دہ وقت ہے۔ یہاں اس فکر سے نوجوان کو سرے سے خارج نہیں کررہے ہیں، بلکہ نوجوان کی توجہ کے طالب ہیں، کہ ایک لمحہ ٹھہر کے غور کرے۔ سہانے سپنوں کی تعبیر کے لیے وہ اپنے آپ کو فراموش کربیٹھا ہے۔ یہ نوجوان اپنے لیے وقت نہیں جٹا پاتا، پھر بھلا وہ اپنے ایک خاندان کے لیے فرصت کے لمحات نکالے، تو جانیے کہ بہت ہے۔ یہاں گاؤں ایک علامت بھی ہوسکتی ہے، جو ماضی سے متعلق ہو۔ گاوں؛ جہاں زندگی کے پروان چڑھتے، تتلاتے بڑھنے کے دن گزرے تھے۔ آج کی نسل اپنے ماضی کو اس حد تک بھلاسکتی ہے، کہ جس میں ماں باپ تک بھی شامل ہو جائیں، یہ سوچنا ہی بھیانک خواب لگتا ہے۔


اب صرف حیلہ تلاشے اوربہانے گڑھے جائیں گے کہ کام، کاروبار، گھر، خاندان دوستی، سفر جیسی سب باتیں۔ ارے دوستو! ان بزرگوں کو ہم ناتجربہ کار کیا بتلانے چلیں، انھوں نے دنیا دیکھی ہے۔ وہ آپ کی آنکھ دیکھے بغیر ہی ماجرا بھانپ لینے کی مہارت رکھتے ہیں۔ اپنی نظر میں انہیں بے چارے مان لینے والے ہم نوجوان ساتھی، صحیح معنوں میں آج بہت غریب ہوچلے ہیں۔ بھلے وہ سن رسیدہ ہمارے اورآپ کے اس نئے فریب کے قریب قریب شکل والی اصطلاحات سے ان جانے ہوں، مگر زبان کی فریب پن اور چالاکیاں وہ اچھی طرح جانتے ہیں۔ سچ مانیں وہ ہماری اور آپ کی ا ن غلط بیانیوں پر چپ رہ کر سب کچھ برداشت کریں گے۔ ان کے سہنے کی طاقت کا اندازہ ہم نوجوان نسل کو بھلا کہاں ہے۔


میں بھی اسی ذات کا حصہ ہوں، جہاں گنی چنی کچھ نئی باتوں میں پھنسا اپنے والدین کو الجھا آتا ہوں۔ کئی مرتبہ بہانے کم پڑ جاتے ہیں، جب ماں بار بار گاؤں نہیں آ پانے کی وجہ پوچھتی ہیں۔ ہم بری طرح جکڑے، بہت برے پھنسے مانس ہیں۔ نہ آگے بڑھنے کے نہ پیچھے جانے کے۔ یہ طوق خاص طور پر متوسط طبقے کے نوجوانوں کے گلے میں فٹ بیٹھتا ہے، باقی یہ کہ امیر زادوں کا احوال، مجھے نہیں معلوم۔


۔۔۔مزید

بدھ، 3 جنوری، 2018

اے خانہ بر انداز چمن کچھ تو ادھر بھی

اے خانہ بر انداز چمن کچھ تو ادھر بھی
محمد علم اللہ 

کل رات تقریبا گیارہ بجے اپنے مخلص اور مہربان دوست محمد احمد کے ساتھ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی لائبریری سے اپنے گھر ابوالفضل لوٹ رہا تھا۔ جماعت اسلامی ہند کے قائم کردہ الشفا ہاسپیٹل سے زرا پیچھے، یعنی مسلم مجلس مشاورت اور جمعیت اہل حدیث والی گلی سے تھوڑا پہلے، جہاں زمین کا ٹکڑا خالی پڑا ہے، وہاں کچھ پیر مرد بیڑی سگریٹ کے مرغولے اڑاتے، تاش کھیلنے میں مصروف تھے۔ یہ دراصل جمعیت اہل حدیث کے کیمپس کا مرکزی دروازہ ہے، جو خاص مواقع جیسے جمعہ اور عیدین یا ایسے ہی کسی جلسے وغیرہ پر کھلتا ہے۔ یہ پوری آبادی مسلمانوں کی ہے تو خیال کیا جاسکتا ہے، یہ بے فکرے بزرگان، مسلمان ہی ہوں گے۔ ان کی جھکی ہوئی کمریں اور دھنسی ہوئی آنکھوں کے حلقے بتا رہے تھے کہ ان کی عمریں پچاس ساٹھ سے کم نہیں ہوں گی۔

مرزا غالب نے شطرنج کو ذہنی ورزش کا ذریعہ بتایا ہے، لیکن جس قوم کے بوڑھے ایسے کھیلوں میں مستقل اپنا وقت ضائع کریں، تو سمجھ لیجیے اس قوم کا مقدر تباہی کے سوا کچھ نہیں ہے۔

اس سے قبل کئی مرتبہ میں جامعہ نگر کے مختلف علاقوں میں، یہ اور ان جیسے کئی نوجوانوں کے علاوہ عمر درازوں کو تاش اور جوا کھیلتے دیکھتا رہا ہوں۔ ایسے مقامات پر اگر آپ تھوڑی دیر کے لیے ٹھیر جائیں، تو آپ کو ان کی زبان سے رنگ برنگی گالیاں اور مسجع و مقفع مغلظات بھی سننے کو مل جائیں گی، جنھیں سن کر شیطان بھی شرمسار ہو جائے گا۔ سوچتا ہوں، آج اگر حضرت عمر رضی اللہ عنہ ہوتے، تو ان کے اس بے کار شغل کی وجہ سے ان پر ضرور کوڑے برساتے، اور انھیں چھٹی کا دودھ یاد دلوا دیتے، لیکن ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں سب کو اپنی من مرضی کی آزادی ہے۔

میرا ارادہ تھا کہ انھیں نصحیت کرتا، کہ احمد کہنے لگا، ”کیوں اپنے آپ کو پٹوانا چاہتے ہو، یہ اس علاقے کے غنڈے ہیں، جن کے پاس اس کے علاوہ اور کوئی کام نہیں ہے، تم اپنی پڑھائی پر دھیان دو، ان سب میں جان نہ گھلاو“۔ میں باز آیا کہ احمد ٹھیک ہی کہتا ہے، لیکن دل ہی دل میں کڑھتا رہا، کہ یہ کوئی صحت مند معاشرے یا ترقی یافتہ سماج کا طرز نہیں ہے۔

ابھی کل ہی کی بات ہے ایک ناواقف بزرگ نے مجھے اتر پردیش کے ضلع بجنور کے نگینہ قصبے سے فون کیا۔ وہ تعلیم کے حوالے سہ روزہ دعوت میں شایع ہونے والے میرے مضمون پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی داستان سنا رہے تھے۔ انھوں نے بتایا وہ تعلیم بالغان کے لیے کام کرتے ہیں؛ اپنا نام محمد داود ملتانی بتایا۔ تعلیم سے ہوتے ہوتے، ذکر مسلمانوں کی زبوں حالی تک جا پہنچا۔ بات کرتے ان کی آواز رُندھ گئی، وہ زار زار ہوگئے۔ فکرمندی سے کہا، کہ سمجھ نہیں آتا، ہمارے نوجوانوں، خواتین اور بوڑھوں کو سکون کی نیند کیسے آجاتی ہے۔ ہم مسلمان اس قدر ذلیل خوار ہورہے ہیں، پھر بھی بیدار ہونے کا نام نہیں لیتے۔ ہمیں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، اتنا زیادہ کہ ہماری نیندیں حرام ہو جانی چاہیں۔

داود ملتانی کی حالت معمول پر آتے ہی، میں نے ان کے سلسلہ روزگار کے بارے میں سوال کیا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ پیشے کے لحاظ سے انجینئر ہیں۔ انھوں نے اپنی ذاتی کوشش سے ضلع بجنور کی دو بستیوں میں کام کرنے کا منصوبہ بنایا۔ جو انتہائی پس ماندہ اور عسرت زدہ بستیاں کہلاتی تھیں۔ ان کی سعی سے کنجری سرائیاب، پھول بستی اور بھٹیاری سرائے گلشن نگر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انھی کی کاوش سے اب اس بستی کے ستر فی صد بچے اسکول جاتے ہیں۔ جب کہ بستی کے بڑے، بوڑھے اور خواتین ذوق و شوق و پابندی سے تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔

ایک طرف وہ بزرگ ہیں، دوسری جانب یہ، جن کے لاکھوں کروڑوں کے فلیٹ اور بلڈنگیں ہیں۔ ان کی آمدنی کی رقم سے ان کی جیبیں بھری ہوئی ہیں، انھیں نہ کام کرنے کی ضرورت ہے اور نہ محنت و مشقت کی۔ ان میں سے بڑی تعداد میں ہریانہ اور یوپی کے وہ لوگ بھی ہیں، جنھوں نے گاوں میں اپنی زمین بڑی بڑی کمپنیوں کو بیچ کر یہاں مکان اور گاڑیاں خرید کر انھیں کرائے پر اٹھادیا ہے۔ یہ وجہ بھی ہے کہ یہ لوگ اب محنت مزدوری کی ضرورت محسوس نہیں کرتے۔ ان کے پاس وقت بے بہا ہے، جسے بے دریغ منفی سرگرمیوں میں استعمال کرتے ہیں۔

مجھے یہ سطور لکھنے کا خیال اس لیے بھی آیا کہ میرے ایک دوست محمد ایوب ندوی جن کا تعلق شہر لکھنو سے ہے، نے اپنی فیس بک وال پر اس صورت احوال سے ملتی جلتی ایک تصویر پوسٹ کی؛ تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے:
”بعد نماز عشا، بوقت دس بجے رات، اندور کی ایک شاہراہ پر بیٹھ کر شطرنج کھیلنے میں مصروف مسلمان“۔
اس کے نیچے مختلف شہروں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے دردمندان ملت کے تبصرے ہیں، جن میں اس عمل پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ یہ اور اس قسم کے مناظر دیکھ کر یقیناً ہم سب کو سوچنا چاہیے کہ آخر ہم جا کہاں‌ رہے ہیں۔ کوئی منزل یا مقصد بھی ہے، یا سراب ہی سراب ہے!

مجھے یاد پڑتا ہے میں نے کئی سال پیشتر ایسے ہی رویوں کو دیکھتے ہوئے، معروف دانشور ڈاکٹر ظفر الاسلام خان سے اس کا تذکرہ کیا تھا۔ انھوں نے تشویش کا اظہار کرتے کہا تھا کہ یورپ میں اس طرح کا رویہ نہیں پایا جاتا بلکہ وہاں عمر دارز شخص بھی کچھ نیا کرنے یا سیکھنے کی تگ و دو کرتا ہے۔ جب کہ پڑھا لکھا اور اہل علم طبقہ، رِٹائرمنٹ کے بعد نئے موضوع پر ریسرچ یا پی ایچ ڈی کرتا ہے۔ اس طرح کا رجحان وہاں عام ہے۔ وہاں بوڑھے ہوجانے کے بعد بھی تھکنے کا کوئی تصور نہیں ہے، جب کہ ہمارے یہاں لوگ بہت جلد تھک جاتے ہیں۔ اس وجہ سے مختلف بیماریوں اور مصیبتوں کا شکار ہو جاتے ہیں اور نوجوان طبقہ ان کے تجربات سے کوئی فائدہ نہیں اٹھا پاتا۔

اس سلسلے میں تبلیغی جماعت کا کام قابل تعریف ہے کہ اس نے ایسے افراد کو کم از کم مسجدوں تک لانے کا کام کیا ہے، مگر دیگر تنظیموں اور اداروں کو بھی اس جانب دھیان دے کر کچھ عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ جیسا کہ ایسے افراد کی تعلیم بالغاں اور ان سے سماجی خدمات لیے جانے کی طرف توجہ دلائی جاسکتی ہے۔ جامعہ نگر ایک ایسی بستی ہے جہاں تقریبا تمام ہی اہم ملی تنظیموں کے مرکزی یا ذیلی دفاتر ہیں۔ یعنی ہم کہہ سکتے ہیں جامعہ نگر ہندوستانی مسلمانوں کا قلب ہے۔ یہاں سے جو آواز اٹھتی ہے دُور تلک سنی جاتی ہے۔ مجھے یقین ہے یہاں سے جو آواز اٹھے گی وہ توانا بھی ہوگی اور مضبوط بھی اور اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

۔۔۔مزید

تقسیم نے درد نہیں‌ بانٹا (دوسرا حصہ)


تقسیم نے درد نہیں‌ بانٹا (دوسرا حصہ)

 محمد علم اللہ 

سونے کی چڑیا کہلائے جانے والے اس عظیم ہندوستان نے، تقسیم کے دوران سرحد کے دونوں طرف اپنے ہی چھہ لاکھ بیٹے بیٹیوں کا قتل عام دیکھا۔ لگ بھگ ایک کروڑ چالیس لاکھ لوگوں کو گھر سے بے گھر ہوتے دیکھا۔ اس وقت کے حالات و واقعات کی روداد اتنی تکلیف دہ اور مضطرب کردینے والی ہے کہ محض اس کا تصور کرکے ہی رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ بٹوارے کے دوران بہتر لاکھ مسلمان پاکستان کو ہجرت کرگئے، جب کہ رَکارڈ کے مطابق 1941ء سے 1951ء تک پاکستانی علاقوں سے بھارت آنے والے ہندوؤں اور سکھوں کی تعداد 45 لاکھ چالیس ہزار ہے۔


تاریخی شواہد بتاتے ہیں کہ ہندوستانی مسلمانوں کو جس بحران سے 1947ء میں گزرنا پڑا، وہ چند باتوں کے لحاظ سے 1857ء کے بحران سے کم، مگر مجموعی طور سے اس سے کہیں زیادہ شدید تھا۔ 1947ء کے بعد کے چند سالوں میں، بھارتی مسلمانوں کو 1857ء سے کہیں زیادہ اور روحانی اور جسمانی، خطرناک آزمایشوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے میں اگر میں ایک ہندوستانی مسلمان کی حیثیت سے محمد علی جناح پر تنقید کرتا ہوں، تو سرحد کے اُس پار (پاکستان) والوں کی ایک بڑی تعداد کی دل آزاری ہوگی۔ اگر تعریف کرتا ہوں تو سرحد کے اِس پار (بھارت) والے بہت سے لوگ ناراض ہوں گے۔


خاص اس حوالے سے آزادی کے بعد لکھے گئے لٹریچر کا ایک بڑا ذخیرہ موجود ہے؛ دونوں طرف کی قیادتوں کے حوالے سے بیاں کیے گئے قصیدوں، مذمتی بیانیوں اور تحریروں سے بڑی بڑی لائبریریاں بھری پڑی ہیں۔ میں سوچ رہا ہوں کہ آخر اِن تمام کوششوں کا حاصل کیا نکلا؟ شاید کچھ بھی نہیں؛ حالات مزید خراب ہی ہوئے ہیں۔ ہم آج تک کسی ایسے نتیجے تک نہیں پہنچ پائے ہیں، کہ جو سب کو قبول ہو۔ تقسیم کا نتیجہ تو یہی نکلا کہ دونوں ملکوں کے لیے ایک دشمن، ایک سرحد کا اضافہ ہوا۔ رہی سہی کسر مفاد پرستانہ سیاست اور زرد صحافت، فوجی مہم جووں کے مقاصد نے پوری کردی۔


آزادی کے بعد دونوں طرف سے ہمارا کام کم از کم اتنا تو بنتا تھا، کہ ایک بہت ہی پے چیدہ اور مختلف النوع سماج کے تناظر میں، ہم خود کو ایک مضبوط جمہوری ڈھانچے میں منظم کرنے کی اپنی سی کوشش کرتے۔ کہنے دیجیے، کہ ہم نے؛ یعنی متحدہ ہندوستان کی متحدہ قیادت نے یہ ذمہ داری اطمینان بخش طریقے سے ادا نہیں کی۔ کم از کم ابھی تک تو ہم یہ کام نہیں کرپائے ہیں۔ اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ ہم اکثر سہل راستوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہمارے اندر مقصد کے تئیں ایمان داری کا فقدان بھی ہے۔ اس لیے ایسا ہوتا ہے کہ ہم کسی بھی پیش آمدہ مشکل کا جو بھی حل نکالتے ہیں، اس میں وہ وہ مکمل اخلاص نہیں ہوتا، جو کسی اڑچن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے۔ نتیجے کے طورپر ہمارا یہ ”تعویذ“ کچھ دنوں کے بعد ہی غیر موثر ہوجاتا ہے، بلکہ بعد کے ایام میں مزید نقصان کا باعث بن جاتا ہے۔


ہمارے سامنے چیلنج، بنیادی اور مبنی برحقیقت باتوں کو ایمان داری سے کہنے کا ہے۔ کل بھی یہی چیلنج تھا اور آنے والے کل میں بھی یہی سب سے بڑا چیلنج ہوسکتا ہے، لیکن مشکل یہ ہے کہ ہم اس سے بھی کتراتے ہیں۔ آسان یہ ہے کہ ہم اور آپ، جب چاہیں جناح کو گالی دیں، یا گاندھی کو؛ آزاد کو برا کہیں یا نہرو کو؛ مسئلے کا حل قطعی طور پر یہ نہیں ہے۔ کیوں کہ جو ہونا تھا وہ ہوچکا۔ پلوں کے تلے سے بہت سا پانی بہہ چکا۔ اب ہم دونوں، بلکہ تینوں ممالک پاکستان، بنگلادیش، اور بھارت کو ایک نہیں کرسکتے۔ تقسیم نے اپنا کام کردیا ہے۔


تقسیم کا زخم ہمیشہ سے ایسا ہی ہوتا ہے۔ اس کی بھرپائی ناممکن ہوتی ہے۔ اس لیے اس کا حل یہی ہے کہ ہم دونوں جانب امن اور سکون کو فروغ دینے کے لیے کوشش کریں۔ اگر ہم یہ کوشش کرتے ہیں تو یہاں ایسی کوئی کٹھنائی نہیں ہے جس کا حل نہ ہو۔ ابھی وقت ہے؛ ابھی زیادہ وقت نہیں گزرا ہے۔ اگر ہم چاہیں تو تمام فروعی باتوں کو ایک طرف رکھ کے، اپنی آنے والی نسلوں کے لیے امن سکون اور بھائی چارہ کی وراثت چھوڑسکتے ہیں۔ تقسیم نے ہمیں امن نہیں دیا، ناہی ہم سے بچھڑنے والے حصے کو امن فراہم کیا۔


رنجشوں کی بنیادی وجہ یہ ہے، کہ دونوں جانب ”بٹوار“ ابھی ذہنوں پر سوار ہے۔ ہندو مسلم خلیج بدستور باقی ہے۔ اگر تقسیم کا واحد سبب دو قومی نظریے کا فروغ تھا، تو یہ سوال آج کتنا جائز ہے؟ ایسا کیوں ہوا کہ تقسیم نے، جو دوقومی نظریے کا واحد علاج تھا، اس نظریے کو یک لخت ختم کردیا، پاکستان مزید دو حصوں میں بٹ گیا؟! اگر دوقوموں کے درمیان تفاوت اور دراڑ تقسیم کے بعد بھی جوں کی توں قائم ہے، تو اس کا واحد مطلب یہی ہوا کہ تقسیم ایک غیر ضروری شئے تھی۔ بٹوارا کسی مسئلے کا حل نہیں تھا۔ بعضوں نے الٹا زخموں پر نمک پاشی ہی کی۔ دھرتی کی تقسیم کے ساتھ، ہم نے انسانوں کو بھی بانٹ دیا ہے۔ صد افسوس! تقسیم کا پھل امن کی صورت نہیں ملا، جیسا کہ تقسیم کاروں نے سوچا تھا۔


لیکن اب کرنے کو کیا ہے؟ ہندوستان ہو یا پاکستان، ایک دوسرے پر الزام تراشی سے باز نہں آتے۔ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں لگے ہیں۔ کیوں نہ اس دھرتی کو امن کا گہوارا بنایا جائے! آئیے ہم دونوں اطراف سے ایک دوسرے پہ الزام تراشی کے بجائے، محبتوں کا پرچار کریں۔ ایک دوسرے کا ہاتھ تھامیں۔ دوسرے کی کامیابی پر مسرت کے گیت گائیں۔ آئیے ہم وہ کریں، جو ہمارے بزرگ نہ کرسکے۔ اگر یہ نہیں ہوگا تو پھر وہی کچھ ہوتا رہے گا، جو کچھ ہوتا آیا ہے۔ امن اک خواب بن کے رہ جائے گا۔


کیا ہمارے مورخین تاریخ کے اوراق الٹتے پلٹے رہیں گے اورایک دوسرے پر الزام رکھتے رہیں گے، یہ جانتے ہوئے بھی کہ الزام تراشی کسی مسئلے کا عارضی حل بھی نہیں؟! ہم جس بیج کو بوئیں گے، ہماری آیندہ نسلوں کو وہی فصل کاٹنا پڑے گی۔ تقسیم در تقسیم در تقسیم؛ بے امنی، خون، لاشے، سسکیاں، آہیں، ماتم! کیا ہم اپنی آیندہ نسلوں کے لیے امن کاشت نہیں کرسکتے؟


۔۔۔مزید

تقسیم نے درد نہیں بانٹا (پہلا حصہ)


تقسیم نے درد نہیں بانٹا (پہلا حصہ)
 محمد علم اللہ 
لاریب! محمد علی جناح ایک تاریخ ساز شخصیت تھے۔ آخر تاریخ میں کتنی ایسی شخصیات ہیں، جن کے سر پہ مملکت کے قیام کا سہرا ہے؟ وہ ایک قدآور سیاست دان تھے؛ اپنے وقت کے معروف وکیل۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ انھوں نے قیام پاکستان کا مقدمہ ایک ذہین اور محنتی وکیل کی طرح لڑا، اور جیت بھی گئے۔ متحدہ ہندوستان میں وہ ان نمایاں رہنماوں میں سے تھے، جو ہندو مسلم اتحاد کی علامت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ لیکن بٹوارے کے بعد جو کچھ ہوا، اس کا بیان انتہائی تلخ، تکلیف دہ اور افسوس ناک ہے۔

آج محمد علی جناح کی 142 ویں سال گرہ ہے، اور اس موقع پر کچھ کہنا، وہ بھی ایک ہندوستانی کی حیثیت سے، خود کو دہکتے ہوئے کوئلوں سے گزارنے جیسا ہے۔ ایک معمولی سی لغزش بھی بڑی غلط فہمی کو جنم دے سکتی ہے؛ اس لیے کہ جناح کی شخصیت سرحدی تنازعات کے حصار میں گھری ہے اور اس حصار کو توڑ کر ان کی صاف شفاف قلمی تصویر بنانا ایک مشکل کام ہے۔

آپ ہندوستانی مورخین کے قلم سے نکلی تاریخ پڑھیں، پاکستانی مورخین کے قلم سے لکھی، امریکی، برطانوی یا پھر یورپین تاریخ نویسوں کی، آپ کو سب کی لکھی تاریخ الگ الگ یا مختلف دکھائی دے گی۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ تاریخ نویس کا نظریہ تاریخ کی کتابوں سے نہیں جھانکنا چاہیے، صرف تاریخ کا عکس دکھائے، لیکن جو ہے اس کا کیا کیجیے۔

ان مؤرخین کے مختلف اور جدا جدا نظریات یا ”مقاصد“ ہیں، جو اس تضاد کا باعث ہیں۔ سرحد کے اُس پار (پاکستان میں) محمد علی جناح کو ”قائد اعظم“ اور ”بابائے قوم“ جیسے القابات سے یاد کیا جاتا ہے، اور سرحد کے اِس پار (بھارت میں) یہ نام نہ صرف یہ کہ اکثریت کے لیے پسندیدہ نہیں ہے، بلکہ جناح کا نام لینا بھی، گویا سیاسی ناعاقبت اندیشی کہلاتی ہے۔ ہندوستان میں اکھنڈ بھارت کے خواب کی راہ میں پاک و ہند کے بیچ لکیر کھینچ دینے کی ذمہ داری تن تنہا اسی نام ”جناح“ پر ڈالی جاتی ہے۔

بھارت میں تو ”جناح“ نام کا مطلب ہی ”بٹوارا“ ہے۔ چوں کہ جناح مسلمان گھرانے سے تھے، تو بٹوارے کا دوسرا مفہوم ”مسلمان“ بن گیا، اور آج کھلے بندھوں مسلمانوں کو دھرتی کی تقسیم کا ذمہ دارقرار دیا جاتا ہے۔ ہندوستانی مسلمانوں کو اس کی جو قیمت چکانا پڑی، وہ الگ؛ اور پون صدی گزرنے کے بعد بھی آج جو قیمت ادا کرنا پڑرہی ہے، وہ سوا ہے۔ حالاں کہ آج یہ کہنا ایسا مشکل نہیں رہا، کہ تقسیم ہند کا اصل ذمہ دار کون تھا۔

اب مطلع بہت حد تک صاف ہو چکا ہے، سورج واضح ہے، لیکن نفرت کی بنیاد پر سیاست کرنے والے پنڈتوں سے نگہ ہٹے تو روشنی دکھائی دے۔ 1970ء اور 1983ء میں سرکاری خفیہ دستاویزات (secret and official documents) کی اشاعت (Transfer of Power 1942-47) جو اس وقت تک لندن کے انڈیا آفس کی تحویل میں تھے، انھیں دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ گاندھی جی، پنڈت نہرو اور ولبھ بھائی پٹیل بھی ہندوستان کی تقسیم کے اتنا ہی ذمہ دار ہیں، جتنا کہ محمد علی جناح۔

مولانا آزاد نے اپنی کتاب ’انڈیا ونز فریڈم‘ میں اس کی جامع تفصیلات دی ہیں۔ مولانا کے بقول:
”یہ بات رِکارڈ پر آجانا ضروری ہے، کہ جو شخص ماؤنٹ بیٹن کے منصوبے کا سب سے پہلا شکار ہوا، وہ سردار پٹیل تھے۔ شاید اس وقت تک جناح کے لیے اپنی بات منوانے اور سودے بازی کرنے کا ایک بہانہ تھا، مگر پاکستان کی مانگ میں، وہ حدود سے تجاوز کرگئے تھے۔ ان کی اس حرکت سے سردار پٹیل اس قدر عاجز آگئے تھے، کہ وہ تقسیم پر یقین کرنے لگے تھے۔ ویسے بھی ماؤنٹ بیٹن کے آنے سے پہلے بھی وہ 50 فی صد تقسیم کے حق میں تھے۔ ان کا یقین تھا کہ وہ مسلم لیگ کے ساتھ کام نہیں کرسکیں گے۔ وہ یہ بات کھل کر کہ چکے تھے، کہ اگر مسلم لیگ سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے، تو اس کے لیے انھیں تقسیم بھی قبول ہوگی۔ شاید یہ کہنا نامناسب نہ ہوگا، کہ ولبھ بھائی پٹیل ہی تقسیم کے اصل معمار تھے“۔

ایک وقت وہ بھی تھا، جب جناح کو ہندو مسلم اتحاد کا سفیر بتایا جاتا تھا اور انھیں یہ خطاب کسی اور نے نہیں بلبل ہند سروجنی نائیڈو نے دیا تھا۔ 1910ء میں جناح نے ”مارلے منٹو رِفارمز“ کے تحت مسلمانوں کے لیے علاحدہ الیکٹوریٹ کی مذمت کی تھی، باوجود اس کے کہ اس سے انھیں ذاتی طور پر فائدہ ہوا تھا۔ انھوں نے گاندھی جی کو مشورہ دیا تھا، کہ خلافت تحریک کا ساتھ دے کر، وہ مسلمانوں میں مذہبی انتہا پسندی کو فروغ نہ دیں اور گاندھی جی پر الزام لگایا تھا، کہ ایسا کرنے سے انھوں نے صرف ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان ہی نہیں بلکہ خود مسلمانوں اور حتیٰ کہ باپ بیٹے میں بھی بلکہ ہر ادارے میں اختلافات اور تقسیم پیدا کردی ہے۔ اس کا جواب گاندھی جی نے یہ دیا:
(مولانا) محمد علی اور خود ان کے لیے خلافت بہت اہمیت رکھتی ہے۔ محمد علی کے لیے یہ ایک مذہبی فریضہ ہے اور میرے لیے یہ اس لیے مذہبی فریضہ ہے کیوں کہ ایسا کرنے سے میں گائے کو مسلمانوں کے چھوروں سے محفوظ کرسکتا ہوں۔

معروف صحافی مارک ٹیلی نے اپنی کتاب From Raj to Rajiv, BBC Books. London 1988، مینو مسانی، جو 1945ء میں قانون ساز اسمبلی کے رکن تھے، کے حوالے سے لکھا ہے کہ انھوں نے بتایا:
”نہرو سمیت اکثر لوگ بے صبرے ہوگئے تھے اور وہ چاہتے تھے، کہ مسلمان یہاں سے جلد از جلد رخصت ہوں تاکہ وہ اپنے گھر کے خود مالک ہوں۔ نہرو اور جناح کی ذاتی انا متحدہ جمہوری ہندوستان کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن گئی تھی“۔

جب نہ جناح تھے نہ گاندھی، نہ نہرو، نہ پٹیل، نہ آزاد، نہ امبیڈکراور ناہی بہت سارے وہ مجاہدین، جنھوں نے ہندوستان کو آزاد کرانے کے لیے لازوال قربانیاں پیش کرکے قوم کو آزادی کی سوغات دی، کیا کسی کو اس ہندوستان کی کہانی بھی معلوم ہے؟ دساور سے جو مسلمان یہاں آئے، وہ یہاں بس گئے، یہیں کے ہوکے رہ گئے۔ ہندوستانی مسلمان کے اجداد کی ہڈیاں یہیں ہیں؛ انھوں نے خون پسینا اسی دھرتی پہ بہایا، اس دھرتی کے لیے بہایا، وہ یہاں سے کچھ لے کر کسی دور دیس نہیں جا بسے۔ ان کی محبتیں، ان کی محنت، ہنر، قربانیاں، سب کچھ اس دیس میں ہے، اس دیس کے لیے ہے۔ ایسا تو نہیں تھا کہ وہ فرنگی کی طرح اس ملک کو لوٹنے آئے تھے۔ دھرتی کے سینے پہ ہل چلوا کے، یہاں کے معدنیات، ذخائر و وسائل کی آمدن، یہاں سے دور اپنے وطن برطانیہ کے عوام کی بہبود کے لیے بھیجتے رہے۔ جب حالات سازگار نہ رہے تو وہ اپنے وطن لوٹ‌ گئے۔

اپنے دیس انگلستان کے مفادات کے لیے ہندوستان کے باشندوں میں ”پھوٹ ڈالو اور راج کرو“ کی پالیسی، فرنگی ہی کی تو پالیسی ہے۔ تاریخ کے صفحات دیکھیے، کیا اس سے پہلے ہندوستانی عوام میں نفرت کا یہی عالم تھا؟! بھولی بھالی اور سیدھی سادھی عوام کے دلوں میں اختلاف، نفرت، عداوت اور فرقہ پرستی کا بیج بونے والوں، نفرت کے اِن سوداگروں کو ہم دیس نکالا دینے میں کامیاب تو ہو گئے لیکن وہ یہاں جو زہریلا بیج بو کر چلے گئے، اس درخت کا پھل کھانے کے لیے ہم یہاں ہیں۔ یہ شجر پاک و ہند بٹوارے کی شکل میں ہمارے سامنے ایستادہ ہے۔

سچ تو یہ ہے کہ ”سوراج“ (اپنا راج) کی لڑائی لڑتے وقت کسی بھی ہندوستانی کے دل میں کبھی اور کسی طرح سے بھی یہ خیال نہیں آیا تھا، کہ جس وطن کی آزادی کی خاطر وہ اپنا لہو دے رہے ہیں، وہ ایک دن دو لخت ہوجائے گا۔ انھیں ابھی کئی لڑائیاں لڑنا ہوں گی؛ وہ بھی آپس میں۔

آزادی کے بعد تو یہ سماں ہونا چاہیے تھا، کہ دیس کے گھر گھر میں چراغاں ہوتا، شادیانے بجائے جاتے، مگر ہوا اس کے برعکس۔ 1947ء میں، تقسیم کے فورا بعد، یہاں بسنے والی اقوام کو خون چکاں حالات اور واقعات کا سامنا کرنا پڑا، جس نے بعد کے دنوں میں پوری انھیں بکھیر کر رکھ دیا۔ ہندستان پاکستان دونوں طرف کے ادیبوں نے بٹوارے کے دوران ہونے والے انسانیت سوز واقعات پر لرزہ خیز کہانیاں لکھیں۔ آج کے بھارت کی یہ صورت احوال ہے، کہ یہاں کے مسلمان دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے نہیں ہوسکے۔ ہوا یہ کہ آزادی کی مسرتوں پر تقسیم کا دکھ درد غالب آگیا اور پورے ملک میں ایک سرے سے دوسرے سرے تک اگر کچھ تھا، تو خون ہی خون، اس کے سوا کچھ تھا، تو وہ تھی اُس خون کی بو۔

۔۔۔مزید

دینی مدارس: عصری معنویت اور جدید تقاضے

دینی مدارس: عصری معنویت اور جدید تقاضے
 محمد علم اللہ 
کبھی کبھی کچھ ایسی تحریریں یا کتابیں میسر آجاتی ہیں، جن کو پڑھنے کے بعد بے اختیار مصنف یا مترجم کا ہاتھ چوم لینے کو جی چاہتا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایسی ہی ایک کتاب میرے ہاتھ لگی، جسے میں بجا طور پر ایک بہترین، معلوماتی، تحقیقی، علمی اور ادبی کتاب کہہ سکتا ہوں۔ ”وٹ از مدرسہ“ اس کو پڑھنے کے بعد قاری کچھ سوچنے پر مجبور ہوتا ہے؛ پتا چلتا ہے کہ ایک عام انسان خاص کیسے بنتا ہے۔ یہ کتاب نوٹرے ڈیم یونیورسٹی، امریکا کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے پروفیسر ابراہیم موسیٰ کی تحریر ہے۔

اس کا دل نشیں، رواں اور پرتاثیر اردو ترجمہ فاضل دیوبند اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وارث مظہری نے کیا ہے۔ ترجمہ شدہ کتاب کا نام ”دینی مدارس: عصری معنویت اور جدید تقاضے“ ہے۔ یہ لگ بھگ 339 صفحات پر مشتمل کتاب ہے، جسے نعیمیہ اسلامک اسٹور دیوبند نے شایع کیا۔

کتاب کے بارے میں کچھ عرض کرنے سے قبل مناسب معلوم ہوتا ہے، کہ مصنف کے بارے میں بات کرلی جائے۔ ابراہیم موسیٰ ایک استاد، ماہر اسلامیات اور دانشور ہیں۔ ان کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے، اور ان کے آبا واجداد ہندوستان کے ریاست گجرات سے تعلق رکھتے تھے۔ ابراہیم جنوبی افریقہ کے اسکول میں زیر تعلیم ہی تھے کہ اس درمیان انھیں دینی علوم حاصل کرنے کا شوق پیدا ہوا۔ اس جذبے کی وجہ ان کے ایک مسیحی ساتھی کا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں شدت اور دروغ گوئی پر مبنی ایک کتاب ہوئی۔ اس میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے غلط بیانی سے کام لیا گیا تھا۔

کتاب میں تحریر اور مسیحی لڑکوں کے ذریعے بیان کی گئی باتیں ان باتوں سے میل نہیں کھاتی تھیں، جو ان کی امی نے انھیں بچپن میں بتایا تھا۔ اس تجسس نے ابراہیم موسیٰ کے اندر سچ بات جاننے کی جستجو پیدا کر دی، حالاں کہ ابھی ان کی عمر محض سولہ برس تھی۔ تلاش حق کے لیے انھوں نے اپنے گھر کے قریب کیپ ٹاون کی ایک لائبریری کا رخ کیا، لیکن وہاں بھی ان کی طبیعت کو سیری حاصل نہ ہوئی۔ اس کے بعد انھوں نے باضابطہ طور پر دین کا علم حاصل کرنے اور براہ راست قران و حدیث کی تفہیم کا تہیہ کرلیا۔ یہ تلاش انھیں ہندوستان کے مختلف مدارس سے گزارتے ہوئے، کانپور یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لندن اور پھر نوٹرے ڈیم یونیورسٹی لے گیا ۔ جہاں وہ علم کی شمع روشن کرنے میں مصروف ہیں۔

ان کی یہ داستان ان کی اور ان کے گھر والوں کی انجینئر بننے کی خواہش کے برعکس، دینی علوم کی اور پلٹ آنے کی، ان کی اپنی خواہش اور دھن سے شروع ہوتی ہے۔ مصنف کا یہ فیصلہ ان کے اہل خانہ پر بجلی بن کر گرا؛ خصوصا ان کے والد اس بات کے لیے راضی نہ ہوئے، کہ انھیں مدرسہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجا جائے۔ والد کو اس بات کا اندیشہ دامن گیر رہا، کہ ان کا بیٹا مدرسے جانے کی صورت میں یہ ایک مسکین مولوی بن کر رہ جائے گا۔ لیکن ابراہیم موسیٰ اپنی امی اور خالاوں کی مدد سے اپنے والد کو راضی کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

ان کی یہ داستان یہیں سے شروع ہوتی ہے۔ جس کے لیے سب سے پہلے وہ تین ماہ کے لیے تبلیغی جماعت کے لیے نکلے، پھر حالات زمانہ کی ٹھوکریں کھاتے داخلے کے لیے مدرسہ سبیل الرشاد بنگلور کا رُخ کیا۔ اس کے بعد مدرسہ سبیل الرشاد بنگلور سے ہوتے ہوئے دارالعلوم ماٹلی والا، بھورچ، اور دیگر کئی چھوٹے بڑے مدارس کی خاک چھانی۔ دار العلوم دیوبند اور بعدہ ندوۃالعلما جیسے معروف دینی اداروں کا نہ صرف قصد کیا بلکہ وہاں کے جلیل القدر علما اور اساتذہ سے کسب فیض حاصل کیا۔

”وٹ از مدرسہ“ نامی یہ کتاب جنوبی افریقہ کے ایک حق کے متلاشی اور علم کے کوزہ گر کی داستان حیات ہے۔ اس میں انھوں نے انتہائی دل کش انداز میں ان اداروں اور مدارس میں بتائے ماہ و سال اور شب و روز کی کہانی بیان کی ہے۔ مصنف کی داستان اس قدر دل چسپ اور پر تاثیر ہے، کہ پڑھتے وقت ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پڑھنے والا جیسے کسی چلتی پھرتی اور متحرک کائنات کا مشاہدہ کررہا ہو۔ متعدد جگہ یوں لگتا ہے کہ ہم اپنی آنکھوں سے ان علاقوں، گلیوں، کوچوں، درجوں، مسجدوں اور اس روحانی و ایمانی فضا کو بالکل اپنے سامنے دیکھ رہے ہیں۔ لیکن پوری کتاب میں یہ بیانیہ نہیں ہے، اس لیے اسے ایک مکمل خود نوشت یا سوانح عمری نہیں کہہ سکتے۔


۔۔۔مزید

​بیمار قوم پرستی کی علامت کیوں بن گئے جوہر؟

(چار جنوری یوم وفات کی مناسبت سے خاص )
محمد علم اللہ 
کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں، جن کا نقش آپ کے ذہن پر کنداں ہوجاتا ہے اور پھر وہ مٹائے نہیں مٹتا۔ اُنھی میں سے ایک مولانا محمد علی جوہر کی شخصیت ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں نے مولانا محمد علی جوہر کے بارے میں پہلی مرتبہ کب اور کیا سنا؟ لیکن ان کے بارے میں اتنا سنا کہ ان کی شخصیت کا ایک ہیولا سا میرے ذہن میں بن گیا۔ شیروانی، مخملی دوپلی ٹوپی اور گاندھی نما گول شیشے والی عینک زیب تن کیے ہوئے، ایک با رُعب شخصیت، جو انتہائی مختصر مدت میں بہت سے کام انجام دے کر، اس دُنیا سے رُخصت ہوگئے۔
جب میں عقل و شعور کی منزلیں طے کرتے ہوئے، کچھ بڑا ہوا اور مولانا کے بارے میں مزید جاننے اور پڑھنے کا موقع ملا، تو ان کا اسیر ہو کے رہ گیا؛ ملت کے اس عاشق کے بے لوث عشق اور دیوانے پن نے مجھے اپنا مرید بنالیا۔ ان سے اس محبت اور شیفتگی کا نتیجہ تھا، کہ مولانا کے بارے میں جو کچھ بھی ملا پڑھ ڈالا۔
مجھے یاد پڑتا ہے کہ جب میں عربی کے ابتدائی درجات میں تھا، تبھی ’ہمدرد‘ [مولانا محمد علی جوہر،پ/ 10 دسمبر 1878ء رام پور؛ م/ 4 جنوری 1931ء لندن]اور ’زمیندار[مولانا ظفر علی خان،پ/ 1873ء وزیرآباد؛م/ 27 نومبر 1956ء وزیرآباد]کی فائلیں چاٹ ڈالیں۔
میں اسے اپنی خوش قسمتی سے تعبیر کرتا ہوں کہ مجھے مولانا علی جوہر کے معہد یعنی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں علمی پیاس بجھانے کا موقع ملا۔ یہاں ان کے بارے میں جاننے اور پڑھنے کے خوب مواقع ہاتھ آئے۔ حالیہ دنوں میں مولانا محمدعلی جوہر بہت یاد آئے؛ جوہر کے یاد آنے کی کئی وجوہ ہیں۔ ان میں سے ایک تو یہ کہ ان کے ذریعہ قائم کردہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبائے قدیم نے پہلی مرتبہ علیگی برادران کے طرز پر، مولانا محمد علی جوہر کے یوم پیدائش (10 دسمبر 1878رامپور) کی مناسبت سے پوری دُنیا میں تزک و احتشام سے ’جوہر ڈنر‘ کا اہتمام کرتے ایک نئی رِیت ڈالی۔
یہ تقریب جامعہ ملیہ اسلامیہ میں دو مرتبہ سجی؛ ایک 10 دسمبر 2017ء کو، اور دوسری مرتبہ 24 دسمبر 2017ء کو؛ ان دونوں موقعوں پر جامعہ برادری نے اپنے محسن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ فارغین جامعہ کی نمایندہ شخصیات کے کار ہائے نمایاں کا اعتراف کرتے ہوئے، انھیں ایوارڈ سے نوازا۔
جوہر کی یاد آنے کا دوسرا سبب، عالمی سطح پر یروشلم اور بیت المقدس کا خبروں میں جگہ پانا رہا؛ ’سر پھرے‘ امریکی صدر ٹرمپ کے ذریعے اسرائیل کے لیے اس سر زمین کو راج دھانی کے طورپر تسلیم کرنا اور وہاں سفارت خانے کی منتقلی کے منصوبے کا اعلان ہے۔ یہ وہی یروشلم اور بیت المقدس ہے، جہاں مولانا مدفون ہیں۔
یہاں یہ بات واضح کر دینے والی ہے، کہ آج ہی کے دن یعنی چھیاسی برس پہلے مولانا محمد علی جوہر نے اس جہان فانی کو الوداع کہا تھا۔ مولانا عبد الماجد دریا آبادی نے اپنی کتاب ’’محمد علی: ذاتی ڈائری کے چند ورق‘‘ میں لکھا ہے:
’’آخری سفر دیکھنے میں لندن کا سفر تھا، گول میز کانفرنس کے لیے؛ اور حقیقت میں سفر آخرت۔ بد بینوں نے کہا کہ اب اس خاکستر کے ڈھیر میں ہے کیا؟ لیکن جب بولنے کھڑے ہوئے تو انگریز اور ہندی سب پکار اٹھے کہ یہ گوشت پوست کا بنا ہوا آدمی ہے، یا ایک متحرک کوہ آتش فشاں! فاش و برملا کہا (جیسے مستقبل کو دیکھ ہی رہے تھے) کہ ’آزادی لینے آیا ہوں، یا تو آزادی لے کر جاوں گا یا اپنی جان اسی سرزمین پر دے کر‘۔ جنوری 1931ء کی چوتھی تاریخ اور شعبان 1350 ہجری کی پندرہویں شب میں، عین اس وقت جب روئے زمین کے مسلمان اپنے پروردگار سے رزق کی، صحت کی، اقبال کی، زندگی کی، مغفرت کی نعمتیں مانگ رہے تھے، مشیت الٰہی نے یہ نعمت عظمیٰ دنیائے اسلام سے واپس لے لی۔ (ص۔592)‘‘۔
انھوں نے ہمیشہ ہمیش کے لیے اپنی آنکھیں موند لیں۔ مولانا نے جب انتقال کیا ان کی عمر محض 52 برس تھی۔
مولانا کو یاد کرنے کی ایک تیسری وجہ بھی رہی کہ پہلی مرتبہ ہمارے ملک بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اسرائیل کی دعوت پر 4 تا 6 جولائی 2017ء، وہاں کا دورہ کیا، لیکن انھیں اس بات کی توفیق نہیں ہوئی، کہ وہ وہاں ہوتے ہوئے، بھارت کے اس عظیم اور جلیل القدر مجاہد آزادی کے مقبرے پر عقیدت کے چند پھول نچھاور کر آتے۔
بد قسمتی سے ہم مسلمانان ہند بھی اس موقع پر، نا تو کوئی کمپین چلاسکے اور نا ہی وزارت خارجہ یا ہندوستانی سفارت کاروں کو اس بات کی توفیق ہوئی، کہ وہ مولانا محمد علی جوہر کو موقع کی مناسبت سے یاد کرلیتے۔ وزیر اعظم خود نہ سہی، کسی وزیر یا ایلچی کے ذریعے ہی گل پوشی کی رسم ادا کروائی ہوتی تو یہ بات یقیناً ایک سو بیس کروڑ ہندوستانیوں کے دلوں کوخوش کرنے کا باعث بن جاتی، لیکن ایسا لگتا ہے کہ جب اقتدار کا نشہ سر چڑھ جاتا ہے اور عصبیت و خود غرضی کسی کو اپنے حصار میں لے لیتی ہے، تو پھردیش بھکتی اور راشٹر واد بھی مخصوص نظریہ اور جامہ پہن لیتا ہے!
ہندوستانی محمد علی جوہر کو تحریک خلافت کے ایک عظیم قائد کے طور پر بھی جانتے ہیں، گرچہ ہم خلافت کو بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے، جس کا صدمہ مولانا محمدعلی جوہر سمیت پورے ہندوستانیوں کو رہا۔ محمد علی جوہر کے جامعہ نے اس مناسبت سے یکم مئی 2017ء کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو اعزازی ڈگری سے نوازا۔ جہاں طیب اردوان نے جامعہ، خلافت تحریک اور آزادی کا ذکر کرتے ہوئے، مولانا محمد علی جوہر کو یاد کیا۔ طیب اردوان ہی کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ ترکی میں اسلام کا نشاۃ ثانیہ ہورہا ہے۔
امروز؛ فی الواقع ’احسان فراموشی‘ کا دور ہے؛ لہٰذا آج کی نسل اپنے محسنوں کو فراموش کرتی جا رہی ہے؛ تو ہم نہ اس سے حیران ہیں نہ پریشان۔ اصول پسند احباب کہتے ہیں، کہ ’ضرورت اس بات کی تھی کہ ہم اسلاف کے کارناموں کو یاد کرتے اور انھیں اپنا قومی اثاثہ تصور کرتے ہوئے ان کی خدمات کے اعتراف کویقینی سمجھتے‘۔ لیکن ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ’قوم پرستی‘ کا جذبہ، جب ’بیمار‘ اور ’تنگ نظر‘ ہوجاتا ہے، تو ملک کا سربراہ بھی دیار غیرمیں، ایک مجاہد آزادی کو بھول جاتا ہے اور جس قوم کا سربراہ ہی ’غریب الوطن مجاہد‘ کو فراموش کردے، اُس قوم سے یہ امید نہیں کی جاسکتی کہ وہ اپنے محسن کو یاد رکھے گی!

۔۔۔مزید