ہفتہ، 26 اپریل، 2014

انٹرنیٹ کی دنیا میں اردو ویکیپیڈیاکی لمبی چھلانگ ، پچاس ہزار مضامین مکمل




انٹرنیٹ کی دنیا میں اردو ویکیپیڈیاکی لمبی چھلانگ ، پچاس ہزار مضامین مکمل
منتظمین کااردو برادری سےاپنی مادری زبان کے فروغ کے لئے آگے آنے کی اپیل
نئی دہلی (محمد علم اللہ اصلاحی)یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ اردو ویکیپیڈیا نے 50،000 مضامین کا سنگِ میل طے کر لیا ہے۔ مجھے حقیقی خوشی ہو رہی ہے کہ اردو ویکیپیڈیا اس وقت انگریزی ویکیپیڈیا کے صفحہ اول کے بائیں جانب والی زبانوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ یہ کہنا ہے فن لینڈ میں مقیم اردو کے ایک محب اور اردو ویکیپیڈیا کے رکن منصور قیصرانی کا۔
انٹرنیٹ گفتگو میں نامہ نگار سے گفتگو کے دوران ہندوستان میں مقیم اردو وکی پیڈیا کے منتظم اور اس کے شعبہ ادارت سے منسلک محمد شعیب نے بتایا کہ منصوبہ ویکیپیڈیا یا تحریک ویکیپیڈیا کی ابتدا جنوری 2001 میں ہوئی تھی جبکہ اس تحریک کے پرچم تلے اردو زبان نے اپنی ویکیپیڈیا کا آغاز جنوری 2004ءمیں کیا۔انھوں نے بتایا کہ اردو ویکیپیڈیا کا آغاز جنوری 2001 میں شمس الدین محمد نے کیا تھا جو ایک پاکستانی شہری اور علم و ادب کے شائق ہیں۔
ان کے مطابق ویکیپیڈیا کی اس ترقی و ترویج میں ثاقب سعود، سمرقندی، اردو ٹیکسٹ، خاور، فہد کیہر، کاشف عقیل اور ساجد امجد ساجد وغیرہ صارفین سرگرم رہے ہیں۔ ہندوستان میں مقیم اردو ویکیپیڈیا کے منتظم اور اس کے شعبہ ادارت سے منسلک محمد شعیب سے اس بابت تفصیل جاننی چاہی تو ان کا کہنا تھا، بلاشبہ یہ خوشی کی بات ہے کہ اردو ویکیپیڈیا نے ایک ہدف کو عبور کرلیا ہے۔تاہم انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو ویکیپیڈیا ہمیشہ افرادی قوت کی کمی کا شکار رہا ہے، اس لیے اب تک دنیا کی دیگر زبانوں مثلا ہندی، عربی، فارسی، جاپانی، چینی ویکیپیڈیاوں کی صف میں شامل نہیں ہوسکا۔لیکن اس کی منزل یہی نہیں ہے بلکہ ابھی اسے حد پرواز سے اور بھی اونچا جانا ہے اور ہم اس کے لئے اپنے تئیں کوشش کرتے رہیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اردو ویکیپیڈیا نے اپنے آغاز سے ہی کافی سرد وگرم ماحول کو دیکھا ہےاور انتہائی صبرآزما مراحل سے گذرا ہے، تاہم یہ خوشی کی بات ہے کہ آج اردو ویکیپیڈیا نے ایک لمبی چھلانگ لگا کر اپنے وجود کو تسلیم کروا لیا ہے۔ نامہ نگار سے بات چیت میں انھوں نے اس کا سارا کریڈٹ اردو برادری اور خصوصا اردو ویکیپیڈیا میں تعاون کرنے والے محبین اردو کو دیتے ہوئے کہا کہ در اصل یہ ان افراد کی بے پناہ قربانیوں کا صلہ ہے جن کی زندگی کی اولین ترجیح اردو ویکیپیڈیا کی ترقی رہی، اور اس راہ میں ان افراد نے اپنے مال وزر، وقت و صلاحیتوں کا بے دریغ استعمال کیا۔
اس سلسلہ میں انھوں نے اردو ویکیپیڈیا سے کئی افراد کے چلے جانے یا چھوڑ دینے پر افسوس کا بھی اظہار کیا اور ان کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ زندگی کے تمام مراحل میں سرخرو و کامیاب ہوں اور زندگی انہیں اتنی فرصت مہیا کردے کہ وہ دوبارہ لیلائے ویکیپیڈیا کی گیسوؤں کو سنوارنے کے لیے یہاں وارد ہوں اور اپنی سرگرمیوں کو جاری کرسکیں۔مادری زبان کی ترویج و اشاعت اوراس کو  عالمی زبانوں کے شانہ بشانہ کھڑا کرنے کے لئے بات چیت کے دوران انھوں نے اردو برادری کو بڑی تعداد میں اردو کے لئے  حصہ داری نبھانے کی اپیل بھی کی اور کہا کہ اگر طلباء، اساتذہ اور بڑی تعداد میں موجود قلمکار و صحافی توجہ دیں تو اردو کا ایک بڑا سرمایہ تیار ہو سکتا ہے، جو مفت اور اوپن سورس بھی ہوگا نیز آن لائن ہونے کی وجہ سے ہمہ وقت قابل رسائی بھی۔
اس بابت انھوں نے بطور خاص اردو اکادمیوں، انجمنوں، کونسلز، یونیورسٹیز، اداروں اور جملہ محبان اردو سے گذارش کی  ہے کہ اردو دنیا کے اس آن لائن عظیم الشان منصوبہ کی ترقی و ترویج میں بھرپور معاونت فرمائیں،اور اپنے طلباء واساتذہ کوبھی اس طرف متوجہ کریں، وہ اپنی فیلڈ سے متعلقہ مضامین کو تحریر اور ترجمہ کریں تاکہ اردو دنیا کا یہ عظیم الشان منصوبہ جس کے ساتھ ساتھ اردو ویکشنری (اردو ویکی لغت)، ویکی اقتباسات، ویکی ماخذ، ویکی اخبار، ویکیورسٹی، ویکی کتب اور ویکی سفر جیسے دیگر اہم منصوبے بھی چل رہے ہیں، ترقی کرے اور دیگر عالمی زبانوں کے ہم پلہ ہوسکے۔